ایران نے کہا ہے کہ وہ جوہری ایندھن سے متعلق اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے پر جمعرات کے روز اپنا جواب پیش کرے گا۔
ایران کے سرکار ی میڈیا کی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے کے لیے ایرانی سفارت کار علی اصغر سلطانیہ ویانا میں ادارے کے سربراہ محمد البرادعی کو ایرانی حکومت کا جواب پیش کریں گے۔
آئی اے ای اے کی تجویز کے مطابق ایران اپنے تحقیقی ری ایکٹر میں استعمال کے لیے یورینیم کم تر سطح پر افزودہ کرنے کے لیے بیرون ملک بھیجے گا۔ اس منصوبے کا مقصد ایران کو اس سطح پر یورینیم کی افزدوگی سے روکنا ہے جسے جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پر منگل کے روز نشر ہونے والی ایک رپورٹ میں نام ظاہر کیے بغیر ایرانی عہدے داروں کے حوالے سے بتایا کہ ایران اس معاہدے کے عمومی لائحہٴ عمل کو قبول کر لے گا لیکن وہ کچھ اہم تبدیلیوں کا مطالبہ کرے گا۔
اس معاہدے کی منظوری، مذاکرات میں شریک دوسرے فریق، امریکہ، فرانس اور روس پہلے ہی دے چکے ہیں۔