عہدے داروں نے کہا ہے کہ افغان اور انٹر نیشنل فورسز نے ملک بھر میں کارروائیاں کر کے 40 سے زیادہ طالبان کو ہلاک کر دیاہے۔
افغان وزارتِ داخلہ نے بدھ کے روز کہا کہ فوجیوں نے منگل کے روز سے جنوبی صوبے اردگان میں 30 طالبان شورش پسند ہلاک کر دیے ہیں۔ وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ فوجیوں نے کابل کے جنوب میں واقع صوبے غزنی میں 11 شورش پسندوں کو ہلاک کیا۔
عہدے داروں نے کہا کہ ملک کے جنوب میں چار عسکریت پسند خود اپنے دھماکا خیز مواد سے ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبے زابل میں سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے دو افغان فوجی ہلاک ہو ئے۔
بدھ کی صبح نیٹو نے کہا تھا کہ افغان اور بین الاقوامی فورسز نے جنوب مشرقی افغانستان میں ایک طالبان کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ اس شخص نے صوبے زابل کے شہر قلات کے قریب منگل کے روز تلاش کی ایک کارروائی کے دوران فوج کے احکامات کی تعمیل نہیں کی تھی اور معاندانہ انداز اختیار کیا تھا۔
فوجیوں نے بعد میں اس شخص کو اس طالبان کمانڈر کے طور پر شناخت کیا جسے وہ تلاش کر رہے تھے۔