افغانستان کی وزارت صحت نے ملک میں سوائن فلو سے ہونے والی پہلی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
بدھ کے روز وزارت نے کہا کہ سوائن فلو کا نشانہ بننے والا 35 سالہ شخص ایک انجنیئر تھا جو اس ہفتے کابل کے ایک اسپتال میں ہلاک ہو گیا۔ اس کے بہت سے رشتے دار بھی ایچ ون این ون وائرس سے متاثر ہوئے تھے لیکن عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارتِ صحت نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ کے بگرام میں قائم ہوائی اڈے اور اقوام متحدہ کے احاطے میں بھی سوائن فلو کے تقریباً 50 واقعات کی اطلاع ملی ہے۔
عالمی ادارہ ٴصحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں لگ بھگ پانچ ہزار افراد سوائن فلو سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دارے نے کہا ہے کہ وہ غریب ملکوں میں ممکنہ طورپر نومبر میں سوائن فلو کی ویکسین کی لاکھوں خوراکیں بھیجنے کی منصوبہ بندی کررہاہے۔