افغانستان میں اگلے ہفتے ہونے والے دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات سے قبل جاری تشدد کے ایک تازہ ترین واقعے میں مشرقی افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے کم ازکم آٹھ عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جمعے کے روز صوبے ننگرہار میں اس وقت پیش آیا جب بازار کی طرف جانے والی ایک گاڑی بم سے ٹکرا گئی۔ جس سے ڈرائیور سمیت گاڑی میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔
جمعرات کے روز طالبان کے مضبوط جنوبی گڑھ قندھار میں ایک ایسے ہی بم دھماکے میں ایک بچے سمیت چار افغان شہری ہلاک ہوگئے تھے، جب کہ بدھ کے روز دارالحکومت کابل میں اقوام متحدہ کے ایک گیسٹ ہاؤس پر حملہ ہوا تھا، جس میں اقوام متحدہ کے پانچ اہل کار ہلاک ہوگئے تھے۔
طالبان نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سات نومبر کے دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات میں رخنہ ڈالنے کے لیے حملوں میں اضافہ کردیں گے۔
افغان صدر دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخاب میں سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ کا سامنا کریں گے۔