آنند جون اپنے مقدمے کے دوران
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 14ویں سالانہ ولز لائف اسٹائل انڈیا فیشن ویک میں سنیچر کے دن امریکہ میں عصمت دری کے کیس میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے زندگی گزارنے والے بھارتی نژاد امریکی فیشن ڈی زائنر آنند جون کی بہن سنجنا جون نے اپنے بھائی کی حمایت میں ایک فیشن شو کا انعقاد کیا ہے۔ سنجنا کے فیشن شو میں شو اسٹاپر کا کردار بالی وڈ کی ٹاپ فلم جوڑی سلمان خان اور سشمیتا سین نے نبھایا ہے۔
واضح رہے کہ ولز لائف اسٹائل انڈیا فیشن ویک اس ماہ کی 28 تاریخ تک چلے گا۔ فیشن ڈیزائنر آنند جون کی بہن سنجنا کے فیشن شو میں بالی وڈ کے کئی چمکتے ستارے ریمپ پر جگمگاتے نظر آئے۔ سنجنا نے اپنے کپڑوں کے ڈیزائن اصل زندگی میں بہن بھائی کی جوڑی کے ذریعے ریمپ پر پیش کیے۔ حالانکہ بھارتی فیشن کے ماہرین کو سنجنا کے فیشن ٹیلنٹ پر اعتراض ضرور تھا تاہم سلمان جیسے سپر سٹار کو اپنے شو میں شامل کرکے سنجنا نے اپنے ناقدین کو خاموش کر دیا۔ انہوں نے اپنا کلیکشن بھارتی فیملی سسٹم سے متاثر ہوکر بنایا تھا۔
سلمان خان اور ارباز خان، سشمیتا سین اور راجیو سین، ریا سین اور رائما سین، امان علی خان اور ایان علی خان، گلوکار شیبانی کشپ اور باکسنگ چیمپئن وجیندر سنگھ نے ریمپ پر سنجنا کے ڈیزائنر ملبوسات لوگوں کے سامنے پیش کیے۔
خیال رہے کہ سلمان کھلے عام یہ بیان دے چکے ہیں کہ انہیں آنند سے ہمدردی ہے اور وہ آنند کی رہائی کے لیے شروع کی گئی مہم میں سنجنا کے ساتھ ہیں۔