امیتابھ پردھمکیوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔
ہندؤں کی عبادت گاہ مندر کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی درگاہ میں اپنی عقیدت دکھانے کے لیے بھارتی فلمی صنعت کے مقبول ترین اداکار امیتابھ بچن کو دھمکی آموز ایس ایم ایس موصول ہوا ہے۔ اِس سنسنی خیز خبر کا خلاصہ خود امیتابھ نے اپنے بلاگ پر کیا ہے۔
جمعرات کے دن امیتابھ نے اپنےبلاگ پر یہ لکھا تھا کہ وہ ایک ہی دن ایک ساتھ ممبئی کی مشہور حاجی علی درگاہ اور سدھی وینائک مندر درشن کے لیے گئےتھے۔ جسے پڑھنے کے بعد انہیں کسی گم نام شخص نے بذریعہ ایس ایم ایس خبردار کیا کہ وہ یہ غلطی دوبارہ نہ دہرائیں۔
تاہم بالی وڈ میں اینگری ینگ مین کی امیج رکھنے والے امیتابھ پر اصل زندگی میں بھی دھمکیوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ امیتابھ نے اپنے بلاگ کے ذریعے گم نام شخص پر پلٹ وار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر تم میں ہمت ہے تو مجھے روک کر دکھاؤ، میں مندر اور درگاہ دونوں جگہوں پر جانا جاری رکھوں گا۔
امیتابھ نے سیل فون سے ملی دھمکی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنے بلاگ پر لکھا ہے ” ہم سیکولر معاشرے میں رہتے ہیں جہاں ہم ہر مذہب کی عزت کرنا سیکھتے ہیں۔ میرا عقیدہ میری تخلیق ہے۔ اگر مندر، مسجد یا درگاہ کو میرے دورے پر کوئی اعتراض نہیں، اگر میرا آئین مجھے اِس کی آزادی دیتا ہے تو یہ شخص کون ہوتا ہے مجھے روکنے یا درست کرنے والا”۔
واضح رہے کہ 67 سالہ امیتابھ نے پچھلے سال سے بلاگ لکھنا شروع کرکے اپنے مداحوں تک براہ راست پہچنے کا آسان راستہ ڈھونڈا ہے۔ اپنے بلاگ کے ذریعے امیتابھ مختلف موضوعات پر اپنی رائے اور اپنے دن بھر کے شیڈول کی اہم تفصیلات انٹرنیٹ پر لکھ کر دنیا کے لاکھوں فلم مداحوں سے رابطہ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔