تازہ خبر کے مطابق ہندی فلم انڈسٹری کے دو بڑے فلم ستارے سلمان خان اور عامر خان بہت جلد ایک ساتھ ایک ہی فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔ بالی وڈ کی اِن دو معروف و مشہور ہستیوں نے 15 سال پہلے فلم ساز راج کمار سنتوشی کی سپر ہٹ فلم ’انداز اپنا اپنا‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ یہ پہلی اور آخری فلم تھی جس میں عامر اور سلمان ایک ساتھ اداکاری کے جوہر بکھیرتے نظر آئے تھے۔
پیشہ ور سطح پر اختلافات کے سبب یہ دونوں ہیرو پھر کبھی دوبارہ ایک ساتھ فلموں میں نظر نہیں آئے۔ اور آج کئی برس کا عرصہ گزر جانے کے بعد ہندی سنیما کے یہ دو کامیاب ہیرو ایک ساتھ فلم میں کام کرتے نظر آسکتے ہیں۔ اگرچہ عامر یا سلمان میں سے کسی نے بھی اس اہم خبر کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم ان دونوں ہیرو کے لاکھوں مداحوں میں خوشی اور امید کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خبروں کے مطابق عامر خان پروڈکشنز اور سلمان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کا پروڈکشن ہاؤس مشترکہ طور پر اِس فلم کو پروڈیوس کرے گا۔ فلم کی دیگر سٹار کاسٹ پر بھی حتمی فیصلہ لیا جا چکا ہے۔
مشہور کہاوت ہے کہ فلم انڈسٹری میں کوئی کسی کا دوست نہیں ہوتا نہ ہی دشمن۔ کسی زمانے میں پیشہ ور سطح پر روایتی حریف رہنے والے عامر اور سلمان کا ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کے لیے راضی ہونا بالی وڈ کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔ خیال رہے کہ عامر کی فلم گجنی کی ریلیز کے بعد سے ہی سلمان نے ایک بار پھر عامر کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا۔ اِس کے علاوہ عامر ٹیلی ویژن پر بھی سلمان کے کوئز شو ’دس کا دم’ میں اپنے بھانجے عمران خان کے ساتھ نمودار ہوئے تھے۔
ماضی میں عامر اور سلمان ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کے علاوہ 11 سے 16 اکتوبر تک ممبئی میں منعقد ہورہے فیشن ویک میں ایک ساتھ ریمپ پر چلتے نظر آئیں گے۔ جی ہاں عامر جو بیشتر وقت ریمپ پر چلنے سے گریز کرتے ہیں وہ سلمان خان کی غیر سرکاری سماجی تنظیم بیئنگ ہیومن کی مالی امداد کے لیے ریمپ پر اتریں گے۔