بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان آج پیر کےدن اپنی 44 ویں سال گرہ منا رہے ہیں۔ سنیمابینوں کےدرمیان کنگ خان کی مقبولیت کا اندازہ اِس سے لگایا جاسکتا ہے کہ صبح سے ہی ان کی رہائش گاہ ’منت’ کے باہر مداحوں کا ہجوم لگا ہوا ہے۔ ہندی فلم انڈسٹری بھی اپنے اِس درخشاں ستارے کو سال گرہ کی مبارک باد دینے میں پیش پیش ہے۔
قومی اور بین الاقوامی سطح پر لاتعداد ایوارڈز جیتنے والے شاہ رخ نے جنم دن کے موقع پر کہا کہ اپنی فلموں کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ان کے لیے سب سے بڑاکارنامہ ہے۔ شاہ رخ نے مزید کہا کہ ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ انہیں یش چوپڑا سے لے کر امیتابھ بچن جیسی بالی وڈ کی کئی مشہور ہستیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کچھ کچھ ہوتا ہے، دل تو پاگل ہے، چک دے انڈیا، کبھی خوشی کبھی غم اور سودیس جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والے شاہ رخ نے صحافیوں کو یہ کہہ کر حیران کردیا کہ میری فیملی اور چند قریبی دوستوں کے بعد میڈیا ہی میرا سچا دوست ہے۔ بقول شاہ رخ اُن کی اہلیہ گوری نے انہیں کوئی تحفہ نہیں دیا تاہم دوست اور فلمساز کرن جوہر نے انہیں لیپ ٹاپ بیگ اور شاندار جوتے تحفے کے طور پر پیش کئے۔
اِس میں کوئی شک نہیں کہ امیتابھ بچن کے بعد شاہ رخ کی مقبولیت بالی وڈ میں سب سے زیادہ ہے۔ اِس سال بھارت کی یومِ آزادی کے موقعے پر جب شاہ رخ امریکی شہر شکاگو میں منعقد ایک تقریب میں بطور خصوصی مہمان حصہ لینے گئے توامریکہ کے نیوآرک ایر پورٹ پر دو گھنٹے تفتیش کے لیے روکے گئے۔ اس پر بالی وڈ سمیت پورے ملک میں سنیمابینوں میں زبردست غم و غصہ پھیل گیا تھا۔
20 سال قبل اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والے شاہ رخ کا شمار آج فلم انڈسٹری کی چیدہ چیدہ چوٹی کی شخصیات میں ہوتا ہے۔ اپنی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں ذرائع ابلاغ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو صرف 25 یا 26 سال کا محسوس کرتا ہوں۔