دنیا بھر میں شائقین نے اس فلم کے افتتاحی شو پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے جس میں پاپ موسیقی کے بے تاج آنجہانی شہنشاہ مائیکل جیکسن نے کردار ادا کیا تھا۔ اس سال جون میں پاپ سٹار کی اچانک موت واقع ہوگئی تھی۔
’دس ازاٹ‘ نامی یہ فلم منگل کے روز پانچ براعظموں میں بیک وقت ریلز کی گئی اور اس بدھ سے شروع ہونے والے اگلے دو ہفتوں کے دوان اسے تھیٹروں میں دکھایا جائے گا۔ کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں اس فلم کے افتتاحی شو کے موقع پر مائیکل جیکسن کے چار بھائیوں سمیت بڑی تعداد میں پرستار موجود تھے۔دنیا بھر میں اس فلم کے ہزاروں ٹکٹ ایڈوانس فروخت ہوچکے ہیں۔
یہ فلم میں لندن میں جیکسن کے مجوزہ کنسرٹس کے سلسلے میں ان کی ریہرسلز کی فوٹیج پر مشتمل ہے۔
پروگرام کے مطابق جیکسن نے لندن میں 50 کنسرٹ کرنے تھے لیکن وہ ان کی ریہرسلز کے آخری مرحلے میں اچانک انتقال کرگئے۔
مائیکل جیکسن کے کچھ پرستاروں نے، ’دس از ناٹ اٹ‘ نام سے ایک تحریک شروع کی ہے۔ انہوں نے انٹرنیٹ پر کہاہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جیکسن کو ان کے پروموٹرز نے ایسے حالات میں ڈال دیا تھا جو ان کی موت کا باعث بنے۔