بھارتی فلمی صنعت کے دو بڑے نام امیتابھ بچن اور پریہ درشن ایک ساتھ مل کر 20 کروڑ روپیے لاگت کی ’ٹوینرجی’ (Twinergy) نامی تھری ڈی اینی میشن فلم بنانے کی تیاری میں ہیں۔
امیتابھ جیسے بڑے ستارے کا اِس پروجیکٹ سے وابستہ ہونا اِس بات کا ثبوت ہے کہ کارٹون فلمیں بچوں کے ساتھ ساتھ اب بڑوں کو بھی اپنی طرف راغب کرنے میں کامیاب ہو رہی ہیں۔ ممبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹُونز اینی میشن کمپنی کے سی ای او پی جیاکمار نے کہا کہ فلم ’ٹوینرجی’ 90 منٹ دورانیے کی انگریزی تھری ڈی اینی میشن فلم ہوگی۔
کارٹون فلموں کے شعبے میں ٹونز اینی میشن خاصی جانی مانی کمپنی ہے۔ والٹ ڈیزنی، یونیورسلز اسٹوڈیوز، پیراماؤنٹ پیکچرز کارپوریشن، کارٹون نیٹ ورک اور بی بی سی کا ٹونز اینیمیشن کمپنی کے ساتھ بزنس کرنا اُس کے اعلی معیاری کام کی پہچان ہے۔
اِس سے قبل ماضی میں فلم ساز روی چوپڑا کی فلم ’بھوت ناتھ‘ میں بھی بھوت کا کردار کرنے والے امیتابھ بچن کے لیے خصوصی تیکنیک استعمال کی گئی تھی۔
فلمی دنیا میں اینی میشن کی بڑھتے ہوئی مانگ کو دیکھتے ہوئے بھارتی فلمی صنعت کی کئی بڑی ہستیاں کارٹون فلمیں بنانے کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہیں۔ یش چوپڑہ کی یش راج فلمز، پرتیش نندی کارپوریشن، کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز اور بی آر فلمز جیسی کئی بڑی کمپنیاں کروڑوں ڈالر بجٹ والی فلمیں بنا رہی ہیں۔