امیتابھ بچن بالی وڈ کی وہ انمول شخصیت ہیں جو 67 سال کی عمر میں بھی سنیمابینوں کو اپنی بہترین اور حیرت انگیز اداکاری سے اپنے فن کا دیوانہ بنالیتے ہیں۔ حال ہی میں امیتابھ کی نئی فلم ’پا’ کی تشہیر کے لیے ٹریلر جاری کیے گئے ہیں، جن میں امیتابھ کو 11 سالہ بچے کے گیٹ اپ میں دیکھ کر بچے بوڑھے جوان سبھی کی زبان پر امیتابھ کی لاجواب اداکاری کے چرچے ہیں۔
فلم پا میں امیتابھ ایک ایسے بچے کا کردار کررہے ہیں جو بچپن میں ہی تیزی سے بوڑھا ہوجاتا ہے۔ فلم میں امیتابھ کو ایسی بیماری میں مبتلا دکھایا گیا ہے جس میں انسان جسمانی اعتبار سے تو تیزی سے بڑھتا ہے تاہم اُس کی ذہنیت بچوں جیسی ہے۔
فلم پا میں امیتابھ کے میک اپ اور اداکاری سے فلم ناقدین بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ پائے۔ فلم کے اشتہاروں میں امیتابھ ایک گنجے شخص کے کردار میں اسکول یونی فارم پہنے ابھیشیک بچن کے کندھوں کو پکڑے نظر آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ فلم پا میں ابھیشیک بچن اور اداکارہ ودیا بالن امیتابھ کے والدین کا کردار کررہے ہیں۔ فلم ساز آر بالا کرشنن کی نئی فلم میں امیتابھ کو بوڑھے بچے کے میک اپ کے لیے روزانہ گھنٹوں میک اپ اسٹوڈیو میں بیٹھنا پڑا۔
امیتابھ کی ہوم پروڈکشن کمپنی اے بی سی ایل کے بینر تلے بننے والی فلم ’پا‘ اگلے ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں ریلیز ہوگی۔ بالی وڈ میں اینگری ینگ مین کے امیج کے لیے مشہور امیتابھ نے پچھلی کچھ فلموں میں بھوت، بزرگ عاشق اور جینی جیسے مشکل کرداروں کو فلمی پردے پر بخوبی نبھایا ہے اور اب دیکھنا ہے کہ فلم پا میں اپنی اداکاری سے وہ بالی وڈ کی کون سی نئی تاریخ مرتب کرتے ہیں۔