
عراق کے شہروں سے امریکی فوجوں کی طے شدہ واپسی سے چند دن پہلے بموں کے ہلاکت خیز حملوں کے بعد عراقی وزیرِ اعظم نوری المالکی نے قومی اتحاد کی اپیل کی ہے۔
مسٹر مالکی نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے عراق کے سنّی اور شیعہ مسلمانوں کے درمیان سیاسی اتحاد ضروری ہے۔
عراقی وزیرِاعظم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ 30 جون کو جب امریکی فوجیں شہری علاقوں سے رخصت ہو جائىں گی تو عراقی فوجیں سیکیورٹی کی ذمّے داریاں سنبھالنے کے لیے پوری طرح تیار ہوں گی۔
اُن کے اس بیان سے پہلے امریکی صدر براک اوباما نے جمعے کے روز کہا تھا کہ عراق میں حالیہ حملوں کے باوجود سلامتی کی مجموعی صورتِ حال میں بہتری آئى ہے۔
جمعے کے روز بغداد میں دو الگ الگ حملوں میں کم سے کم 16 لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔ اس ہفتے کے شروع میں بغداد کے شیعہ اکثریت کے علاقے صدر سٹی کی ایک مارکیٹ میں ہو نے والے ایک دھماکے میں کم سے کم 76 لوگ مارے گئے تھے، جب کہ گذشتہ ہفتے کے دن کرکوک کے قریب ٹرک بم کے ایک دھماکے میں تقریباً 70افراد لقمہٴ اجل بن گئے تھے۔