پاکستان ٹوینٹی-20کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اگر اُنھیں پیش کش کی گئی تو وہ ایک روزہ میچوں میں بھی پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے کو تیار ہیں۔
اُن کے الفاظ میں، ‘میں کپتان کے طور پہ بھی اور کھلاڑی کے طور پر بھی تیار ہوں۔’ اُنھوں نے یہ بات ہفتے کو نامہ نگاروں سے گفتگو میں کی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اِس بات میں کوئی شک نہیں کہ آسٹریلیا کا دورہ بہت مشکل نوعیت کا ہوگا، کیونکہ وہیں پر ہی کھلاڑی کا اصل پتا چلے گاکہ کون کتنے پانی میں ہے۔ ‘آسٹریلیا کا دورہ ایسا معاملہ ہے جہاں کارکردگی دکھانے والے کے کرکٹ کے معیار اور اُس کی صلاحیتوں کا پتا چلتا ہے۔’
اُن کے مطابق یہ مشکل دورہ ضرور ہےلیکن پاکستان کی کارکردی بہتر رہے گی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پچھلے دِنوں ورلڈ کپ سے پہلےپاکستان ٹیم نےمختلف سیریز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، اور اُنھیں کھلاڑیوں کی عمدہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔