ہمارے بارے میں | ہم سے رابطہ کیجیے

وائس آف امریکہ

غیر جانب دار خبریں | دلچسپ معلومات

blank

  • اتوار, 29 نومبر 2009
  • آج وی او اے پر

خبریں RSS Feeds آر ایس ایس فیڈ

13جولائی سے بے گھر افراد کی مالا کنڈ ڈویژن واپسی شروع ہو جائے گی

شیئر کیجیئے

اسی بارے میں

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 13جولائی سے بے گھر افراد کی مالاکنڈ ڈویژن میں ان کے گھروں کو واپسی کا باقائدہ آغاز ہو جائے گا۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بے گھر افراد کی واپسی سپیشل سروسز گروپ یعنی ”SSG“ کے ترتیب کردہ پروگرام کے تحت ہو گی جس میں اس بات کا تعین کیا گیا ہے کہ کب اور کیسے لوگوں کو کن کن علاقوں میں بھیجنا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ متاثرین کو ایسے علاقوں میں نہیں بھیجا جائے گا جہاں سیکورٹی کی صورت حال تسلی بخش نہ ہویا وہاں زندگی کی بنیادی سہولتیں موجود نہ ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مالا کنڈ ڈویژن میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن آخری مرحلے میں ہے لیکن فوج کی طرف سے علاقے میں ان جنگجو ؤں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی جن کی طرف سے مزاحمت ہو رہی ہو۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں فوج قیام امن کے بعد بھی موجود رہے گی تاکہ وہاں مقامی آبادی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور علاقے میں عسکریت پسندی دوبارہ جڑ نہ پکڑ سکے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کا عزم رکھتی ہے اور یہ جنگ امریکہ کے ایما پر نہیں بلکہ ملکی مفاد میں لڑرہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی ملک کے کسی حصے میں متوازی حکومت قائم نہیں کرنے دی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر امریکہ کے ڈرون حملے بے سود ثابت ہو ں گے اور ان کے بقول امریکہ کو چاہیے کہ وہ یہ ڈرون ٹیکنالوجی پاکستانی فوج کو فراہم کرے جو اسے استعمال کرنے کی پوری پوری پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ مالا کنڈ ڈویژن میں فوجی آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والوں کی موجودہ تعداد تقریباََ19لاکھ ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ ان متاثرین کی امداد اور آباد کاری اس کے لیے اتنی ہی اہم ہے جتنی عسکریت پسندی کے خلاف فتح۔