کسی بھی انوکھے سے انسان کو گِیک کہا جا سکتا ہے
ویسے تونوجوانوں کی اصطلاح میں کسی بھی ناپسندیدہ شخص کوگیِک کہا جاسکتا ہے، آج کل گِیک کا لفظ کمپیوٹر کے ساتھ خاص کر دیا گیا ہے لیکن اصل میں یہ دو سو سال پہلے احمق میں مفہوم میں استعمال ہوتا تھا۔ بعد میں یہ عجیب و غریب حرکتیں کرنے والے کے لئےعمومی طور پر برتا جانے لگا۔
ایک زمانے میں امریکہ میں سرکس، تفریح کا بے حد اہم ذریعہ ہوا کرتا تھا۔ چنانچہ اس چلتی پھرتی تفریح نے بہت سے ثقافتی ورثے، بعد میں آنے والوں کے لئے چھوڑے ہیں۔ مثال کے طور پر سپرمین، سپائڈر مین وغیرہ کے حلیے سے سرکس ایکروبیٹ کی یاد آتی ہے، جو اسی طرح تنگ پتلونوں اور چغوں میں ملبوس رہتے۔ لباس کے علاوہ کچھ امریکی محاوروں پر بھی سرکس کا اثر ہے، مثال کے طور پر بینڈ ویگن۔
تو عجیب و غریب اور انوکھے شخص کے لئے یہ لفظ عرصے سے زیر ِ استعمال ہے۔ مثلاً آپ نے حیرت انگیز پروگرام جیسے Ripley’s Believe It or Not ضرور دیکھے ہوں گے۔ ان میں پرگرام پیش کرنے والوں کے لئے گِیک کا لفظ مناسب ہے۔ یعنی ایسا انسان جو کسی نہ کسی شے میں مہارت رکھتا ہے مگر سماجی طور پر وہ کسی خانے میں فٹ نہیں ہوتا۔ اور اسے نرالا، انوکھا اور کسی قدر دیوانہ سمجھا جائے۔ ایسے پروگراموں میں شرکت کرنے والے اس قسم کے مظاہرے کرتے ہیں، مثلاً وہ دس سیکنڈ کے اندر درجنوں انڈے کھا سکتے ہیں یا اپنے کو ٹوئسٹ کرکے چھوٹے سے ڈبے میں بند کر لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ جلتے کوئلوں اور تلوارں کو نگلنا اور میخوں پر بیٹھنا ان کمالات میں شامل ہیں۔
آج کل اس سے مراد دانش ور قسم کا انسان ہے جو اپنی دنیا میں مگن رہے اور اس بات کی پروا نہ کرنے کہ دوسرے اس کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔ جب کہ کمپیوٹر میں کمال پیدا کرنے والے کو عموماً کمپیوٹر گیِِک کہا جاتا ہے۔