واسق منصور نے ایبٹ آباد سے لکھا ہے کہ مندرجہ ذیل پیراگراف میں جو ایک معروف امریکی کالم نگار کی تحریر سے اخذ کیا گیا ہے، بوائلر پلیٹ کا کیا مطلب ہے:
Keeping records, writing “boiler plate” contracts – all these things are routine, and a bright high school graduate could quickly learn to do them all.
واسق صاحب، یہ اصطلاح پرنٹ میڈیا یعنی اخبارات، رسائل سے آئی ہے۔ انیسویں اور بیسویں صدی میں یہ اشتہاری سطور یا مضامین کے لئے استعمال کی جاتی تھی جو دھات میں کندہ کر دئے جاتے اور پھر ان کے لئے کسی تیار ی کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، وہ تیار حالت میں پڑے رہتے اور جیسے جیسے ضرورت پڑتی انہیں پرنٹنگ کے لئے بھیج دیا جاتا۔
بعد میں یہی اصطلاح ابلاغ کے تمام ذرائع استعمال کرنے لگے۔ اور پھریہ عام زبان میں بھی رواج پا گئی۔ اس سے مراد ایسی تحریر ہے جسے بار بار استعمال کیا جاسکے۔ غالباً اس کی وجہ یہ ہے کہ بوائلر پلیٹ میں مضبوطی اور بار بار استعمال ہونے کی قابلیت ہوتی ہے۔
آپ نے شاید فارم لیٹر کی اصطلاح سنی ہو۔ یہ ایسے خط یا سرکاری دستاویز کو کہتے ہیں جو بہت سے لوگوں کو بغیر کسی تبدیلی کے بھیجے جائیں اور ان میں وقت کی بھی کوئی قید نہ ہو۔ اسی طرح بوائلرپلیٹ ایسی تحریر کو کہتے ہیں جس میں مفصل لیکن بندھے ٹکے انداز میں الفاظ تحریر کئے گئے ہوں۔
کسی معاہدے یا اقرار نامے کی دستاویز جس پر فریقین دستخط کرتے ہیں، اگر ان کی زبان وہی ہے جو عام طور پر ایسے معاہدوں میں ملتی ہے تو اسے کہیں گے بوائلرپلیٹ معاہدہ، یعنی ایسا معاہدہ جو اس موقع کے لئے بطور خاص تیار نہیں کیا گیا ۔
پھر آپ نے لکھا ہے کہ Jerome K. Jerome کے ناول میں رول آف تھری سے کیا مراد ہے۔ ان دونوں سوالوں کے لئے ڈکشنریوں میں دیکھا، لوگوں سے پوچھا لیکن کوئی واضح جواب نہیں مل سکا۔ آپ کے جواب کا بے چینی سے انتظار کروں گا۔ وہ پیرا گراف یہ ہےَ
He said that bringing home that trout had saved him from a whacking, and that even his school-master had said it was worth the rule-of-three and practice put together.
وکی پیڈیا کے مطابق انگریزی ادب میں یہ اصول ہے کہ رول آف تھری کا مطلب ہے کہ جو چیزیں تین کے عدد میں ہوں وہ دوسرے اعداد کے مقابلے میں زیادہ دلچسپ، زیادہ تسلی بخش اور زیادہ موثر ہوتی ہیں۔
مثال کے طور پر انگریزی ادب میں بہت سی مثالیں مل سکتی ہیں جہاں کہانی تین کرداروں پر مبنی ہے۔ جیسا کہ آپ نے دیکھا یہ کہانی یعنی Three men in a boat بجائے خود تین کرداروں پر مشتمل ہے۔ آپ نے جو پیراگراف نقل کیا ہے اس میں یہی اشارہ مضمر ہے۔